پٹنہ،30؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)بہار میں تاراپور اور کشیشوراستھان میں ووٹنگ سے ایک دن قبل آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے نتیش حکومت پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاص پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لیے عوام پر دباؤ بنایا جا رہا ہے۔ مزید کہا کہ ووٹ حاصل کرنے لوگوں کو لالچ بھی دیا جا رہا ہے۔ تیجسوی یادو نے دعویٰ کیا کہ جس پولیس افسر کے بارے میں ہم نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی، انھیں الیکشن ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہمارا الزام درست تھا۔
تیجسوی یادو نے ضمنی انتخاب سے قبل نتیش حکوم کے ذریعہ ووٹروں کو متاثر کرنے کی کوششوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں نہ صرف شراب کی تقسیم ہو رہی ہے، بلکہ خواتین کو ساڑیاں بھی بانٹی جا رہی ہیں اور لوگوں میں پیسوں کی تقسیم بھی ہو رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت ترقیاتی کام کرتی تو ان چیزوں کو بانٹنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔